Monday, July 20, 2020

*🌹قربانی کے مسائل اور ان کا حل🌹*🌺قسط نہم (9) - سوال 81 تا 90🌺

*🌹قربانی کے مسائل اور ان کا حل🌹*
🌺قسط نہم (9) - سوال 81 تا 90🌺
*سوال 81 :* 
قربانی کے لئے گائے اور بھینس کی عمر کتنی ہونی ضروری ہے؟
*جواب :*
قربانی کے لئے گائے اور بھینس کی عمر کم از کم دو سال ہونی ضروری ہے، اگر یہ اس سے کم عمر ہوں تو ان کی قربانی جائز نہیں ہوگی. 
*(ردالمحتار علی الدر المختار جلد 9 صفحہ 534 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 82:*
قربانی کے لیے اونٹ کی عمر کتنی ہونا ضروری ہے ؟
*جواب :*
قربانی کے لئے اونٹ کی عمر کم از کم پانچ سال ہونا ضروری ہے، اگر اس سے کم عمر ہو تو اس کی قربانی جائز نہیں ہوگی.
*(ردالمحتار علی الدر المختار جلد 9 صفحہ 533 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 83:*
کیا بھینس کی قربانی کرنا جائز ہے ؟
*جواب:*
جی ہاں ! بھینس کی قربانی کرنا بالکل جائز ہے کیونکہ یہ پالتو گائے کی ایک قسم ہے. 
*(پارہ 17 سورۃ الحج : 34، مصنف عبدالرزاق جلد 4 صفحہ 24 رقم الحدیث : 6851 مطبوعہ المجلس العلمی، فتاویٰ خانیہ جلد 3 صفحہ 348 قدیمی کتب خانہ کراچی، فتح القدیر جلد 9 صفحہ 531 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 297 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ جلد 20 صفحہ 400 تا 404 رضا فاؤنڈیشن لاہور، بہار شریعت حصہ 15 جلد 3 صفحہ 339 مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*نوٹ :*
آج کل کچھ لوگ بھینس کی قربانی کا انکار کرتے ہیں حالانکہ ان کے علماء نے بھینس کی قربانی کو جائز قرار دیا ہے جن کے کچھ حوالے استاذی المکرم علامہ محمد صادق القادری دامت برکاتھم العالیہ نے اپنی کتاب *"عیدالاضحیٰ کا تحفہ"* کے صفحہ 36 پر تحریر فرمائے ہیں جو کہ درج ذیل ہیں :
1- غیر مقلدین کے عالم ثناء اللہ امر تسری کا یہی موقف ہے.
*(فتاوی ثنائیہ جلد 1 صفحہ 810 مطبوعہ کراچی)*
2- غیر مقلدین کے عالم اور مفتی ابو البرکات کا یہی موقف ہے .
*(فتاوی برکاتیہ صفحہ 342 مطبوعہ گوجرانوالہ)*
3 - غیر مقلدین کے عالم اور امام عبدالستار دہلوی کا یہی موقف ہے. 
*(فتاوی ستاریہ جلد 3 صفحہ 2، جلد 2 صفحہ 15 مطبوعہ کراچی)*
4- غیر مقلدین کے عالم مقیم الحسن دہلوی کا یہی موقف ہے. 
*(بھینس کی قربانی)*
5 - غیرمقلدین کے امام نذیر حسین دہلوی کا یہی موقف ہے.
*(فتاوی نذیریہ جلد 3 صفحہ 257، 258 مکتبۃ المعارف الاسلامیہ گوجرانوالہ)*
*لطیفہ :*
بھینس کی قربانی سے روکنے والوں اور اسے ناجائز قرار دینے والوں کے مشہور (غیرمقلد) علماء کے نزدیک خود مرغ کی قربانی کے جائز ہے۔
*(فتاوی ستاریہ جلد 2 صفحہ 72 مطبوعہ کراچی)*
*سوال 84 :*
کیا قربانی کے جانور کو صرف اس وجہ سے کہ وہ اپنے قریب کسی کو آنے نہیں دیتا اور مارتا ہے، واپس یا تبدیل کرایا جا سکتا ہے؟
*جواب :*
اگر یہ جانور شرعی فقیر نے قربانی کی نیت سے خریدا ہے تو اس پر اسی جانور کی قربانی کرنا واجب ہے وہ اس کے لڑنے کی وجہ سے اسے تبدیل نہیں کر سکتا. 
اور اگر ایسے شخص نے قربانی کی نیت سے خریدا ہے جس پر قربانی واجب تھی تو چونکہ جانور کا لڑنا ایسا کوئی عیب نہیں ہے جس کی وجہ سے قربانی جائز نہ ہو تو اس کی قربانی درست ہے. 
البتہ اس لڑنے کی وجہ سے اس کی دیکھ بھال میں مشکل پیش آرہی ہو تو اس جانور کو فروخت کرکے یا تبدیل کرکے دوسرے جانور کی قربانی کرسکتے ہیں لیکن یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ دوسرے جانور کی قیمت پہلے جانور سے کم  یا برابر نہیں ہونی چاہیے بلکہ زیادہ ہونی چاہیے.
*(ماخوذ از عالمگیری جلد 5 صفحہ 291، 292 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، جدالممتار علی ردالمحتار جلد 6 صفحہ 459، 460 مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 85:*
اگر شرعی فقیر  نے کوئی ایسا جانور قربانی کیلئے خریدا جو کم عمر یا عیب دار تھا تو اب کیا صورت ہوگی ؟
کیا اسی جانور کی قربانی کرنا شرعی فقیر پر واجب ہوگی یا اس کی جگہ دوسرا جانور لینا واجب ہوگا یا کچھ بھی واجب نہیں ہوگا؟
*جواب :*
فقیر پر اسی کم عمر یا عیب دار جانور کی قربانی کرنا واجب ہے اس کی جگہ دوسرا جانور تبدیل نہیں کر سکتا.
*(ردالمحتار علی الدرالمختار جلد 9 صفحہ 539 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 86:*
اگر کسی پر قربانی واجب ہو تو کیا وہ اپنی طرف سے ایک سے زائد قربانیاں کر سکتا ہے ؟
*جواب :*
مالدار شخص پر ایک ہی قربانی واجب ہوتی ہے جبکہ ایک سے زائد قربانیاں کرنا اس کے لیے نفل ہیں، لہذا اگر ایک سے زائد قربانیاں کرے گا تو ثواب پائے گا.
*نوٹ :*
البتہ اگر ایک پوری گائے قربانی کی قربانی کی تو پوری گائے سے ہی واجب ادا ہوگا، ایسا نہیں ہوگا کہ ساتویں حصے سے واجب ادا ہوجائے اور باقی چھ حصے نفل ہوجائیں۔
*(بہارِ شریعت حصہ 15 جلد 3 صفحہ 352 مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 87:*
قربانی کے جانور کا معیار کیسا ہونا چاہئے ؟
*جواب :* 
مستحب ہے کہ قربانی کے جانور کے کان، آنکھ، ہاتھ، پاؤں وغیرہ بالکل سلامت ہوں اور جانور میں کسی بھی طرح کا کوئی بھی عیب نہ ہو. 
*(ماخوذ از فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ297 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، ردالمحتار علی الدرالمختار جلد 9 صفحہ 536 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 88:*
کیا خارشی جانور کی قربانی کرنا جائز ہے ؟
*جواب :*
اگر خارش والا جانور موٹا تازہ ہو تو اس کی قربانی کرنا جائز ہے اور اگر اتنا کمزور ہو کہ ہڈیوں میں مغز نہ رہے تو اس کی قربانی کرنا جائز نہیں ہے.
*(فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 298 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، ردالمحتار علی الدرالمختار جلد 9 صفحہ 535 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 89:*
کیا پاگل جانور کی قربانی کرنا جائز ہے ؟
*جواب :* 
اگر پاگل جانور چارہ کھا سکتا ہو تو اس کی قربانی کرنا جائز ہے اور اگر پاگل جانور چارہ نہ کھا سکتا ہو تو اس کی قربانی کرنا جائز نہیں.
*(فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 297 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، ردالمحتار علی الدرالمختار جلد 9 صفحہ 535 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 90:* 
اگر کسی جانور کی ناک کٹی ہو تو کیا اس کی قربانی کرنا جائز ہے ؟
*جواب :* 
اگر کسی جانور کی ناک کٹی ہو تو اس کی قربانی کرنا جائز نہیں ہے.
*(فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 297 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، ردالمحتار علی الدرالمختار جلد 9 صفحہ 537 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ والہ وسلم 
کتبہ 
ابواسیدعبیدرضامدنی 
17/07/2020
03062809672

No comments:

Post a Comment