*🌹قربانی کے مسائل اور ان کا حل🌹*
🌺قسط چہارم (4)- سوال 31 تا 40🌺
https://chat.whatsapp.com/FfX6PtkpycFLvof7qH5PPz
*سوال 31:*
اگر کسی شخص کے پاس خالی زمین یا پلاٹ وغیرہ ہو تو کیا اس پر قربانی واجب ہوگی؟
*جواب :*
اگر خالی زمین یا پلاٹ وغیرہ کی قیمت نصاب (یعنی ساڑھے باون تولے چاندی کی مالیت) کو پہنچ جائے تو اس پر قربانی واجب ہوگی۔
*(فتاوی فیض الرسول جلد 2 صفحہ 438 شبیر برادرز لاہور بحوالہ فتاوی بزازیہ و دُرِّمُختار)*
*سوال 32:*
اگر کسی نے دوسرے شخص کو ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کے برابر قرض دے رکھا ہو تو کیا ایسے شخص پر قربانی واجب ہوگی ؟
*جواب :*
اگر کسی شخص نے دوسرے شخص کو ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کے برابر قرض دے رکھا ہو تو ایسے شخص پر لازم ہے کہ قرض خواہ سے اتنی رقم کا مطالبہ کرے کہ جس سے قربانی ہو سکے جبکہ اس کو ظنِ غالب ہو کہ وہ دیدے گا اور اگر قرض خواہ سے وہ رقم قربانی کے ایام میں نہ مل سکے اور نہ اس کے پاس کوئی اور مال ہو کہ جس سے قربانی کا جانور خرید سکے تو اس پر قربانی واجب نہیں اور نہ قرض لے کر قربانی کرنا لازم ہے اور نہ ہی قربانی کے ایام کے بعد قرض کی رقم واپس ملنے پر جانور کی قیمت صدقہ کرنا لازم ہے .
*(فتاویٰ بزازیہ جلد صفحہ 406 قدیمی کتب خانہ کراچی، فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 292 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 33:*
قربانی واجب ہونے کے لئے قربانی کی پانچ شرطوں کا کس وقت میں پایا جانا ضروری ہے ؟
*جواب :*
قربانی واجب ہونے کے لئے قربانی کی پانچ شرطوں کا 10 ذی الحجہ کے طلوعِ صبحِ صادِق سے 12 ذی الحجہ کے غروب آفتاب تک پایا جانا ضروری ہے.
*(بہارشریعت حصہ 15 جلد 3 صفحہ 332 مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 34:*
اگر ابتدائی وقت میں قربانی واجب ہونے کی شرائط نہیں پائی گئیں مگر آخر وقت میں پائی گئیں مثلاً پہلے دو دن شرائط نہیں پائی گئیں اور تیسرے دن پائی گئیں تو کیا قربانی واجب ہوجائے گی؟
*جواب :*
اگر ابتدائی وقت میں قربانی واجب ہونے کی شرائط نہیں پائی گئیں مگر آخر وقت میں پائی گئیں مثلاً پہلے دو دن شرائط نہیں پائی گئیں اور تیسرے دن پائی گئیں تو قربانی واجب ہوجائے گی.
*(فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 293 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 35:*
اگر ابتدائی وقت میں قربانی واجب ہونے کی شرائط پائی گئیں مگر اس نے قربانی نہیں کی یہاں تک کہ آخر وقت میں قربانی واجب ہونے کی شرائط جاتی رہیں مثلاً پہلے دو دن شرائط پائی گئیں تھیں اور اس نے قربانی نہیں کی اور تیسرے دن قربانی واجب ہونے کی شرائط جاتی رہیں تو کیا قربانی معاف ہوجائے گی؟
*جواب :*
اگر ابتدائی وقت میں قربانی واجب ہونے کی شرائط پائی گئیں مگر اس نے قربانی نہیں کی یہاں تک کہ آخر وقت میں قربانی واجب ہونے کی شرائط جاتی رہیں مثلاً پہلے دو دن شرائط پائی گئیں تھیں اور اس نے قربانی نہیں کی اور تیسرے دن قربانی واجب ہونے کی شرائط جاتی رہیں تو اس پر قربانی معاف ہوجائے.
*(فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 293 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 36:*
اگر مالکِ نصاب قربانی کی منت مان لے تو اس پر کتنی قربانیاں واجب ہوں گی ؟
*جواب:*
اگر مالکِ نصاب قربانی کی منت مان لے تو اس پر دو قربانیاں واجب ہوجائیں گی :
1- ایک وہ جو صاحبِ نصاب پر واجب ہوتی ہے.
2- دوسری وہ جو منت کی وجہ سے اس پر واجب ہوئی.
*(ردالمحتار علی الدرالمختار جلد 9 صفحہ 550 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 37:*
اگر کوئی ایسا شخص جس پر قربانی واجب ہو اور وہ قربانی کے بجائے کسی غریب کو قربانی کی رقم دیدے تو کیا حکم ہے؟
*جواب:*
اگر کسی شخص پر قربانی واجب ہو تو اس پر قربانی کے دنوں میں قربانی کرنا ہی لازم ہوگا، اگر وہ قربانی کے بجائے کسی غریب کو قربانی کی رقم دیدے گا تو اس کا واجب ادا نہ ہوگا اور واجب کو چھوڑنے کی وجہ سے گنہگار ہوگا.
*(فتاویٰ عالمگیری جلد 5 صفحہ 293، 294 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 38:*
اگر کسی پر قربانی واجب نہ ہو تو اس کے لئے قربانی کے دنوں میں قربانی کرنا افضل ہے یا کسی غریب کی مدد کرنا ؟
*جواب :*
اگر کوئی شرعی فقیر ہو اور اس پر قربانی واجب نہ ہو تو پھر بھی قربانی کے دنوں میں کسی غریب کی مدد کرنے کے مقابلے میں اس کے لئے قربانی کرنا افضل ہوگا، کیونکہ حضور علیہ الصلاۃ و السلام نے فرمایا :
"جو روپیہ عید کے دن قربانی میں خرچ کیا گیا، اللہ پاک کو اس سے زیادہ کوئی روپیہ پیارا نہیں."
*(معجم الکبیر للطبرانی رقم الحدیث : 10894، فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 295 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 39:*
اگر کوئی بیرونِ ملک ہو تو کیا وہ اپنے آبائی وطن میں کسی کو کہہ کر قربانی کروا سکتا ہے ؟
*جواب :*
چونکہ قربانی میں نیابَت (کسی دوسرے کو نائب بنانا) جائز ہے لہذا اگر کوئی بیرونِ ملک ہو تو اپنے آبائی وطن میں کسی کو کہہ کر اپنی قربانی کروا سکتا ہے.
*(فتاوی عالمگیری جلد 5 صفحہ 293، 294 مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ :*
یاد رہے کہ جہاں قربانی ہو رہی ہوں اور جہاں قربانی والا ہو دونوں جگہ قربانی کے دن کا ہونا ضروری ہوتا ہے.
*(رفیق الحرمین صفحہ 194 مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 40:*
اگر گھر کے چند افراد پر قربانی واجب ہو تو کیا گھر کے سرپرست کی طرف سے قربانی کر لینا کافی ہوگا ؟
*جواب :*
جی نہیں ! اگر گھر کے چند افراد پر قربانی واجب ہو تو سب کیلئے قربانی کرنا لازم ہے، صرف گھر کے سرپرست کی طرف سے قربانی کر لینا کافی نہیں ہوگا.
*(الھدایہ جلد 4 صفحہ 444 مکتبہ رحمانیہ لاہور، فتاویٰ رضویہ جلد 20 صفحہ 369 رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ والہ وسلم
کتبہ
*ابواسیدعبیدرضامدنی*
11/07/2020
03068209672
No comments:
Post a Comment