Friday, November 20, 2020

مسجد کے امام صاحب سے پوچھے بغیر کسی اور نے نماز جنازہ پڑھا دی تو کیا حکم ہے؟ ‏

مسجد کے امام صاحب سے پوچھے بغیر کسی اور نے نماز جنازہ پڑھا دی تو کیا حکم ہے؟ 
------------------------------
سوال ـ اگر محلہ کی مسجد میں امام ہو اور اس گاؤں میں کسی کا انتقال ہوگیا اور گاؤں میں ایک حافظ صاحب یا عالم صاحب ہیں تو امام صاحب سے پوچھے بغیر نماز جنازہ پڑھا دیا تو اس صورت میں نماز ہوگی یا نہیں؟

سائل: عبداللہ 
------------------------------
الجواب بعون الملک الوہاب
 علامہ صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں جنازہ میں امامت کا حق بادشاہ اسلام کو ہے پھر قاضی پھر امام جمعہ پھر امام محلہ پھر ولی کو امام محلہ کا ولی پر تقدیم بطور استحباب ہے اور یہ بھی اُس وقت کہ ولی سے افضل ہو ورنہ ولی بہتر ہے 
ولی کے سوا کسی ایسے نے نماز پڑھائی جو ولی پر مقدم نہ ہو اور ولی نے اُسے اجازت بھی نہ دی تھی تو اگر ولی نماز میں شریک  نہ ہوا تو نماز کا اعادہ کرسکتا ہے اور اگر مردہ دفن ہوگیا ہے تو قبر پر نماز پڑھ سکتا ہے اور اگر وہ ولی پر مقدم ہے جیسے بادشاہ اسلام وقاضی وامام محلہ کہ ولی سے افضل ہو تو اب ولی نماز کا اعادہ نہیں کرسکتا اور اگر ایک ولی نے نماز پڑھا دی تو دوسرے اولیاء اعادہ نہیں کرسکتے اور ہر صورت اعادہ میں جو شخص پہلی نماز میں شریک نہ تھا وہ ولی کے ساتھ پڑھ سکتا ہے اور جو شخص شریک تھا وہ ولی کے ساتھ نہیں پڑھ سکتا ہے کہ جنازہ کی دو مرتبہ نماز ناجائز ہے سوا اس صورت میں کہ غیر ولی نے بغیر اذن ولی پڑھائی ـ 
(بہار شریعت )
صورت مسئولہ میں اگر ولی کی اجازت سے نماز جنازہ پڑھائی گئی یا ولی نے اجازت نہ دی تھی مگر جنازہ میں شریک تھے جب بھی نماز  ہوگئ
عوام کا یہ کہنا کہ امام صاحب سے پوچھے  بغیرحافظ صاحب نے  نماز جنازہ پڑھا دی اس لئے نماز  جنازہ نہ ہوئی یہ جہالت ہے
اور اگر ولی جنازہ میں شریک نہیں تھا تو وہ چاہےتو  دوبارہ نماز جنازہ پڑھ سکتا ہے. 

واللہ تعالیٰ عالم 

کتبہ:  ابو حامد محمد شریف الحق  رضوی ارشدی مدنی امام وخطیب نوری رضوی جامع مسجد وخادم دارالعلوم نوریہ رضویہ رسول گنج عرف کوئلی ضلع سیتامڑھی بہار الھند
( موبائل نمبر 7654833082)
تصدیقات
خلیفۂ حضور تاج الشریعہ سید شمس الحق برکاتی مصباحی،
 الجواب صحیح
فقیر تاج محمد حنفی قادری واحدی ارشدی اترولوی
ابوالصدف محمد صادق رضا سنگھیا ٹھاٹھول پورنیہ بہار

 ( تعلیمات تاج الشریعہ گروپ)
------------------------------

No comments:

Post a Comment