Friday, November 5, 2021

داڑھی کی حد کہاں سے کہاں تک ہے؟؟ بالخصوص ہونٹ کے نیچے کے بال داڑھی کے حکم میں ہے کہ نہیں؟؟


                 اَلسَلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ‎

داڑھی کی حد کہاں سے کہاں تک ہے؟؟ بالخصوص ہونٹ کے نیچے کے بال داڑھی کے حکم میں ہے کہ نہیں؟؟

       ساٸل؛۔ محمد غفران قادری۔ دسولی فتح پور الھند
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
                وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

                 الجوابـــــ بعون الملکـــــ الوھاب 

اس کے تعلق سے سرکار اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ داڑھی قلموں کے نیچے سے کنپٹیوں، جبڑوں، ٹھوڑی، پر جمتے ہے، اور عرضاً {چوڑائی میں} اس کا بالائی حصہ کانوں اور گالوں کے بیچ میں ہوتا ہے, جس طرح بعض لوگوں کے کانوں پر رونگٹے ہوتے ہیں، وہ داڑھی سے خارج ہیں، یوں ہی گالوں پر جو خفیف بال کسی کے کم کسی کے آنکھوں تک نکلتے ہیں، وہ بھی داڑھی میں داخل نہیں یہ بال قدرتی طور پر موئے ریش سے جدا ممتاز ہوتے ہیں, اس کا مسلسل راستہ جو قلموں کے نیچے سے ایک مخروطی شکل پر جانب ذقن جاتا ہے, یہ بال اس راہ سے جدا ہوتے ہیں نہ ان میں موئے محاسن کے مثل قوت نامیہ، ان کے صاف کرنے میں کوئی حرج نہیں بلکہ بسا اوقات ان کی پرورش باعثِ تشویہِ خلق وتقبیحِ صورت ہوتی ہے جو شرعاً ہرگز پسندیدہ نہیں (العطا یا النبویہ فی الفتاوی الرضویہ 22/ 596) اور فتاوی عالمگیری میں ہے کہ (نتف الفنیکین بدعۃ وھو جنب العفقۃ وھی شعر الشفۃ السلفی)دونوں کوٹھوں کو اکھاڑنا بدعت ہے، اور وہ بچی کے دونوں جانب کے بال ہیں، اور بچی کے نچلے ہونٹ کے بال ہیں، ﴿عالمگیری 5}اور سرکار اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی علیہ الرحمۃ والرضوان تحریر فرماتے ہیں؛- بال بداہۃً سلسلہ ریش میں واقع ہیں' کہ اس سے کسی طرح امتیاز نہیں رکھتے تو انہیں داڑھی سے جدا ٹھہرانے کی کوئی وجہ وجیہ نہیں- وسط میں جو بال ذرا سے چھوڑے جاتے ہیں، جنہیں عربی میں عنفقۃ اور ہندی میں بچی کہتے ہیں، داخل ریش ہیں، (جیساکہ امام بدر الدین عینی نے اس کی تصریح فرمائی اور ان سے سیرت شامیہ میں نقل کیا گیا ہے ) لہذا امیر المومنین فاروق اعظم رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہوا کہ جو کوئی انہیں منڈاتا اس کی گواہی رد فرماتے ہیں، (جیساکہ شیخ عبد الحق محدث دہلوی نے مدارج النبوۃ میں ذکر فرمایا-ت) تو بیچ میں یہ دونوں طرف کے بال جنہیں عربی میں فنیکین ہندی میں کوٹھے کہتے ہیں, کیوں کر داڑھی سے خارج ہوسکتے ہیں، داڑھی کے باب میں حکم‌ احکم حضور پرنور سید عالم ﷺ (داڑھیاں بڑھاؤ، اور زیادہ کرو,) ہے تو اس کے کسی جز کا مونڈنا جائز نہیں (صحیح البخاری کتاب اللباس باب اعفاء اللحی ) لاجرم علماء نے تصریح فرمائی کہ کوٹھوں کا نتف یعنی اکھیڑنا بدعت ہے، امیر المومنین عمر ابن عبدالعزیز رضی اللّٰہ عنہ نے ایسے شخص کی گواہی رد فرمائی (العطا یا النبویہ فی الفتاوی الرضویہ 22/ 597)اور حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ علیہ الرحمہ ارشاد فرماتے ہیں؛ بچی کے اغل بغل کے بال مونڈانا یا اکھیڑنا بدعت ہے،، ﴿بہار شریعت 16} لیکن ایک بات اور ہے کہ اگر بچی کے بال اتنے طویل اور کثیر ہوجائیں، کہ کھانے پینے اور کلی کرنے میں رکاوٹ بنیں، تو انہیں بقدر حاجت کاٹنا جائز ہے (یجوز قص الاشعار التی کانت من الفنیکین اذا زحمت فی المضمضۃ او الاکل او الشرب) اگر نچلے ہونٹ کے دونوں کناروں کے بال کلی کرنے اور کھانے پینے میں رکاوٹ ہوں، تو انہیں کترنا جائز ہے اور سرکار اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ ہاں اگر یہاں بال اس قدر طویل وانبوہ ہوکہ کھانا کھانے، پانی پینے، کلی کرنے میں مزاحمت کریں' تو ان کا قینچی سے بقدر حاجت کم کر دینا روا ہے (العطا یا النبویہ فی الفتاوی الرضویہ 22/ 599)یاد رکھیں داڑھی حد شرع سے کم کرانا اور اس پر اصرار کرنا گناہ کبیرہ ہے کہ قطع لحیہ کو فقہاء کرام ناجائز فرماتے ہیں، اور صغیرہ پر اصرار کبیرہ وفسق ہے (فتاویٰ امجدیہ جلد چہارم صفحه 174)[[ماخوذ؛ فتاویٰ غوثیہ جلد اول صفحه 294]]

                           واللہ اعلم بالصواب

              کتبہ فقیر محمد عمران رضا ساغر دہلوی 

Monday, November 1, 2021

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ دیوث کیسے کہتے ہیں برائے مہربانی مکمل طور پر جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ دیوث کیسے کہتے ہیں برائے مہربانی مکمل طور پر جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی

                   سائل محمد تابش رضا رضوی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
              وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ

              الجـــــــواب بعون الملکـــــ الوھاب

جو لوگ باوُجُود ِقدرت اپنی عورَتوں اور مَحارِم کو بے پردَگی سے مَنْع نہ کریں وہ’’ دَیُّوث‘‘ ہیں ۔ رَحمتِ عالمیان ، سلطانِ دوجہان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عبرت نشان ہے ، ’’تین شخص کبھی جنّت میں داخل نہ ہوں گے دَیُّوث اور مَردانی وَضْع بنانے والی عورت اور شراب نوشی کا عادی ۔ (مجمعُ الزَّوائد ج ۴ ص ۵۹۹حدیث۷۷۲۲ ) مَردوں کی طرح بال کٹوانے اور مَردانہ لباس پہننے والیاں اِس حدیثِ پاک سے عبرت حاصِل کریں ، چھوٹی بچّیوں کے لڑکوں جیسے بال بنوانے اور انہیں لڑکوں جیسے کپڑے اور ہَیٹ وغیرہ پہنانے والے بھی احتیاط کریں تا کہ بچی اسی عمر سے اپنے آپ کو مردوں سے ممتاز سمجھے اور ہوش سنبھالنے اور بالغہ ہونے کے بعد اس کو اپنی عادات و اطوار شریعت کے مطابق بنانے میں مشکلات درپیش نہ آئیں ۔ حدیثِ پاک میں یہ جو فرمایا گیا کہ ’’کبھی جنّت میں داخِل نہ ہوں گے‘ یہاں اِس سے طویل عرصے تک جنّت میں داخِلے سے محرومی مُراد ہے ۔ کیوں کہ جو بھی مسلمان اپنے گناہوں کی پاداش میں مَعاذَاللّٰہ عَزَّوَجَلَّ دوزخ میں جائیں گے وہ بِالآخِر جنّت میں ضَرور داخِل ہوں گے ۔ مگر یہ یا د رہے کہ ایک لمحے کا کروڑواں حصّہ بھی جہنَّم کا عذاب کوئی برداشت نہیں کرسکتا لہٰذا ہمیں ہرگناہ سے بچنے کی ہردم کوشِش اور جنّتُ الفِردوس میں بے حساب داخِلے کی دُعاء کرتے رَہنا چاہئے ۔ ’’دَیُّوث ‘‘کے بارے میں حضرتِ علّامہ عَلاؤالدّین حَصْکَفِی عَلَیْہِ رَحمَۃُ الْقَوِی فرماتے ہیں ، ’’ دَیُّوث‘‘ وہ شخص ہوتا ہے جو اپنی بیوی یا کسی مَحرم پرغَیرت نہ کھائے ۔ ‘‘ (دُرِّمُختارج۶ ص ۱۱۳)معلوم ہوا کہ باوُجُودِ قدرت اپنی زَوجہ ، ماں بہنوں اور جوان بیٹیوں وغیرہ کو گلیوں بازاروں ، شاپنگ سینٹروں اورمَخْلُوط تفریح گاہوں میں بے پردہ گھومنے پھر نے ، اجنبی پڑوسیوں ، نامَحرم رشتے داروں غیرمَحرم ملازِموں چوکیدار وں اور ڈرائیوروں سے بے تَکلُّفی اور بے پر دَ گی سے مَنع نہ کرنے والے دَیُّوث، جنّت سے محروم اور جہنَّم کے حقدار ہیں 

                 .واللّٰہ ورسولہ اعلم بالصواب

کتبہ العبد ناچیز محمد شفیق رضا رضوی خطیب و امام سنّی مسجد حضرت منصور شاہ رحمت اللہ علیہ بس اسٹاپ کشن پور الھند